بنگلورو،5؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے 2022-23 کیلئے پیش کردہ بجٹ میں ریاست کے موزرائی محکمہ کے دائرے میں آنے والے منادر کو خود مختاری دے کر ان پر سے حکومت کا کنٹرول ہٹانے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے گزشتہ سال دسمبر میں بی جے پی کی ریاستی عاملہ کے اجلاس میں اشارہ دیا تھا کہ ہندو منادر کو حکومت کے تسلط سے آزاد کرنے کے قانون سازی ہوگی۔
بومئی نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا کہ منادر پر سے حکومت کا کنٹرول ہٹانے کا مطالبہ طویل عرصہ سے کیا جارہا ہے۔ عقیدتمندوں کے ان مطالبات پر غور کرتے ہوئے محکمہ موزرائی کے دائرے میں آنے والے منادر کو آزادی دی جائے گی۔“ ریاست میں جملہ 34,563 منادر موزرائی محکمہ کے تحت آتے ہیں اور ان منادر کو ان کی آمدنی کی بنیاد پر اے، پی اور سی زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ریاست میں جملہ 207 منادر کی سالانہ آمدنی 25لاکھ روپئے سے اوپر ہے اور اے زمرے میں آتے ہیں۔ چیف منسٹر نے یہ بھی کہا کہ کرناٹک کے کاشی یاترا پر جانے والے 30ہزار تیرتھ یاتریوں میں ہر یاتری کو حکومت 5ہزار روپئے کی سبسیڈی دے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیم، صحت اور سماجی خدمت کے شعبہ میں تعاون کرنے والے مٹھوں اور دیگر اداروں کو ریاستی حکومت مالی مدد فراہم کرے گی۔